آئی جی کے پی پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کا کرسمس کے حوالے سے پشاور کے گرجا گھر کا خصوصی دورہ

146

پشاور، 25دسمبر(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کرسمس کے موقع پرمسیحی برادری سے اظہارِ یکجہتی اور کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے آج سینٹ جان چرچ پشاور کا دورہ کیا-

دورے کے دوران آئی جی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور آل سینٹ جانز چرچ کوہاٹی چوک میں مسیح برادری کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔

انہوں نے کہا کہ مسیح برادری کے خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ، اقلیتوں کے تحفظ اور کرسمس کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیاہے اور کیپٹل سٹی پولیس نے تمام چرچز کی بی ڈی یو کے ذریعے سویپنگ کی ہے۔

 انہوں نے چرچز اور عبادت گزاروں کے تحفظ کے لئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو ضروری ہدایات دیں ،انہوں نے مسیحی برادری اور گرجا گھروں کے منتظمین سے ملاقات کے دوران کورونا ایس او پیز کی پابندی کرنے کی تاکید کی۔

اس موقع پر آل سینٹ جانز چرچ کوہاٹی چوک کے پادری نے آئی جی پی ثناء اللہ عباسی کو چرچ کا دورہ کرنے اور انکی تقریبات میں شرکت اور سکیورٹی انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔