سکھر۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کی کامیابی کے خلاف میر اعجاز حسین جاکھرانی کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی 16 جنوری 2021 کوہوگی۔ الیکشن ٹربیونل سکھر کے احکامات پر 8 دسمبر کوحلقہ این اے 196 جیکب آباد کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہونی تھی اس سلسلہ میں درخواست گذار پیپلز پارٹی کے راہنما مشیرجیل خانہ جات میر اعجاز حسین جاکھرانی دیگر راہنماوّں کے ہمراہ ایڈیشنل سیشن جج غلام علی کناسرو کی عدالت میں پیش ہوئے اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا تقاضہ کیا تاہم وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کی عدم شرکت کے باعث ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہیں ہوسکی۔ فریقین کی رضامندی سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے 16 جنوری 2021 کی تاریخ مقررکی گئی۔الیکشن ٹربیونل سکھر نے صوبائی مشیر برائے جیل خانہ جات میر اعجاز حسین جکھرانی کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ سنایا تھا۔8 دسمبرکو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے تھے، بیلٹ باکسز بھی عدالت لائے گئے تھے۔