انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر موٹر وے پولیس  سکھر سیکٹر میں تقریب کا انعقاد

124

سکھر،11دسمبر(اے پی پی ): آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن زبیر احمد ہاشمی اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی کی خصوصی ہدایت پر پورے ملک کی طرح سکھر سیکٹر میں بھی سیکٹر کمانڈر اعجاز حیدر توری کی زیر نگرانی انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سکھر سیکٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں لیگل کمیٹی برائے خواتین صوبہ سندھ کی ممبر ایڈووکیٹ غزالہ کاشف اور ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ زینت بھنبھرو کو معاشرے میں مظلوم افراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنے اور دیگر فلاحی کاموں پر انہیں موٹر وے پولیس کی جانب سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سندھ کی ثقافت اجرک اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔

 اس موقع پر معزز خواتین کو آئی جی موٹر وے پولیس کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیا گیا۔لیگل کمیٹی برائے خواتین سندھ کی ممبر غزالہ کاشف نے آئی جی موٹر وے کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیومن رائٹس کمیشن میں کام کرنے والے تمام ورکرز کو موٹر وے پولیس نے جس طرح خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اس پر آئی جی موٹر وے اور موٹر وے پولیس کے تمام جوانوں اور افسران کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن خوشی محسوس ہورہی ہے کہ قابل احترام اور احسن طریقے سے ڈیوٹی سرانجام دینے و الا محکمہ بھی ہمارے ساتھ انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہا ہے، دیگر محکمے بھی اس دن کو ہمارے ساتھ مل کر منائیں اور عوام میں آگاہی کو عام کریںجبکہ موٹر وے پولیس کے افسران کی جانب سے غزالہ کاشف و دیگر کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے درخواست کی کہ وہ بھی روڈ سیفٹی کے حوالے سے تقاریب منعقد کرائیں جس میں موٹر وے پولیس روڈ سیفٹی پر مبنی ڈاکومینٹری پیش کرے گی، تاکہ روڈ حادثات سے قیمتی جانوں کے ضیاع کو مزید روکا جاسکے۔