ملتان۔22دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے کہاہے کہ اولیا کرام کے آستانے امن و امان کے آشیانے ہیں اولیاکرام نے برصغیر پاک وہند میں اشاعت اسلام میں اہم کردار ادا کیا ہے اولیا کرام کے آستانوں سے بلا تفریق، رنگ ونسل فیض ملتا ہے یہی وجہ ہے مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد آج بھی درگاہوں پر حاضری دیکر عقیدت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔منگل کوملتان میں حضرت شاہ رکن الدین عالم کے سالانہ عرس کے دوسرے روز درگاہ پر حاضری اور چادر پوشی کے موقع پر انہوں نے مزید کہاہے کہ اولیاکرام کی تعلیمات کو سمجھ کر ان پر عمل کرنے سے ہمارے معاشرہ امن کا گہوارہ بن جائے گا،کیونکہ اولیا کرام نے ہمیشہ امن و محبت کادرس دیا ہے جس کی آج کے دور میں اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے عرس کی تمام تقریبات کو منسوخ کرکے مختصر سی حاضری کی اجازت دی ہے تاکہ پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے زائرین اور شہری محفوظ رہ سکیں انہوں نے زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف کو خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ دربار حضرت غوث بہائو الدین زکریا ملتان، دربار حضرت شاہ رکن الدین عالم اور دربار بھی بی بی پاک دامن پر جاری ترقیاتی کام فوری طور پر مکمل کئے جائیں تاکہ درباروں پر آنے والے زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔