لاہور،یکم دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جلسے جلوسوں سے کسی بھی حکومت کو گرایا نہیں جا سکتا ، حکومت میں آنے کے لیے آئین اور قانون کا راستہ ہے اور جانے کے لیے بھی ہم اپوزیشن کے ہر آئینی اور قانونی معاملے کا مقابلہ کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے ڈی جی پی آر دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈی جی پی آر کو انسٹیٹیوٹ بنا نے کا عمل جاری ہے، دور حاضر کے جدید طریقوں کے مطابق میڈیا کے لیے ڈی جی پی آر کو چھتری بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی جی پی آر میں چیف منسٹر انیشیٹو سیل بنانے جا رہے ہیں، سیل کا مقصد پنجاب کی تمام وزارتوں کو دی گئی ہدایات لوگوں تک پہنچانا ہے۔ اس کے علاوہ صحافیوں کی کپیسٹی بلڈنگ کے لیے میڈیا اکیڈمی بھی بنانے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سپاہی نو منتخب وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، لوگوں نے ووٹ کو عزت دے کر اپنا نیا وزیر اعلی منتخب کیا ۔امید کرتی ہوں کہ نو منتخب وزیر اعلی اپنے علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے ٹھوکر میں جدید ترین ٹرانسپورٹ ٹرمینل بنانے کی ہدایات دی جا چکی ہے۔لاہور کے بعد فیصل آباد اور ملتان میں بھی ٹرمینل بنائیں جائیں گے،ٹرمینل سے الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جس کی وجہ سے سموگ میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف ٹرانسپورٹ اتھارٹی بنانے کی طرف جا رہے ہیں ۔سوشل سکیورٹی ہسپتال میں اب پاکستان کا ہر شہری جا کر علاج کروا سکتا ہے ۔اس حوالے سے جو قانونی ضرورت تھی، ان نکات کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔پنجاب کی مختلف صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو صحت کارڈ دینے جا رہے ہیں ۔
فردوس عاشق اعوان نے پنجاب کو کورونا اور پولیو فری بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔