بین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے؛ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری

73

اسلام آباد،22  دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے،دنیا کے تمام مذاہب امن، محبت، برداشت اور انسانیت کے احترام کا درس دیتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں کرسمس کے مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بین المذاہب مکالمہ ضروری ہے، بہتر مستقبل کے لیے ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ اپنی خوشیاں اور دکھ بانٹنا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ملک کے تمام شہریوں کو بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب مساوی حقوق دیتا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت  بلا امتیاز رنگ و نسل و مذہب تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو COVID-19 کی وبا کا سامنا ہے جس کا مقابلہ آپس میں اتحاد و یکجہتی اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد سے ممکن ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہ کہ حضرت عیسیٰ  ؑ اللہ کے برگزیدہ نبی  اور پیغمبر ہیں اور مسلمانوں کے لیے انتہائی قابل احترام ہیں، حضرت عیسیٰ ؑ نے محبت ، اخوت، برداشت،  عدم تشدد اور انسانیت کی خدمت کی تعلیمات دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کی ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔

 قاسم خان سوری نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری خصوصاً پارلیمنٹ ہاؤس میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو کرسمس کی مبارک باد  دیتا ہوں۔