لاہور،17دسمبر(اے پی پی) :صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت درآمدات پر انحصار کم کرنے اور برآمدات بڑھانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ملک کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے جمعرات کو یہاں آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ آپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین بلال جمیل کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا ،سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس پالیسی، برآمدات بڑھانے اور ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔ وفد نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 100ایکڑ مختص کرنے، ایس ایم ای پالیسی سازی میں مشاورت اور پیڈمک کے بورڈ میں نمائندگی کا مطالبہ کیا ۔
سربراہ وفد بلال جمیل نے کہا کہ ہمارے سیکٹر کا ملک کی برآمدات میں ڈیڑھ ارب ڈالر کا حصہ ہے، حکومت کے تعاون سے برآمدات بڑھائی جاسکتی ہیں۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ایپ بوما اپنے سیکٹر کی برآمدات بڑھانے کا روڈ میپ دے، حکومت تعاون کرے گی۔ ایس ایم ایز سیکٹر اور کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کیلئے بے مثال اقدامات کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت کا کہنا ہے کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایس ایم ای سیکٹر کیلئے جامع پالیسی لارہے ہیں۔لاہور ملتان موٹر وے پر ملتان کے نزدیک انڈسٹریل اسٹیٹ بنائیں گے۔