ملتان، 11دسمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے جمعہ کو یہاں پورٹیبل وینٹی لیٹر ایمبولینس سروس کا افتتاح کر دیا،ریسکیو1122 ملتان اب مریضوں کو آئی سی یو ایمبولینس کی سہولت فراہم کرے گی ، ریسکیو ملتان کو4 پورٹیبل وینٹی لیٹر ایمبولینس دے دی گئیں ہیں ۔ شہر اولیاء ملتان میں تمام جدید سہولیات کی فراہمی وزیراعلی عثمان بزدار کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 17 پورٹیبل ایمبولنسسز میں سے 4 ملتان کو فراہم کی گئی ہیں اور ضلع ملتان کو خصوصی طور پر4 جدید پورٹیبل وینٹی لیٹر فراہم کرنے پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ جدید ایمبولنس سروس سے تشویشناک مریضوں اور کورونا وائرس کے مریضوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کرنے میں مدد ملے گی ۔ ملتان کورنٹائن سنٹر میں کوروبا وباء کی پہلی لہر کے دوران 6300 سے زائد افراد کی میزبانی کی گئی ہیں جبکہ ریسکیو1122 نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔
ڈی سی عامر خٹک نے کہا کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران پوری دنیا خوف کی لپیٹ میں تھی نشتر ہسپتال میں کورونا سے جابحق ہونیوالوں کی تدفین اور جنازے کے فرائض بھی ریسکیو نے ادا کئے،انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 کی کارکردگی ہر چیلنج میں شاندار رہی اور ریسکیو ملتان کو نیشنل ریسکیو چیلنج مقابلے میں پنجاب میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
عامر خٹک نے کہا کہ ریسکیو ملتان نے ٹوکیو میں ہونے والے ریسکیو چیلنج مقابلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے ، ٹوکیو مقابلے میں شرکت ملتان کے لئے ایک اعزاز ہے جبکہ ریسکیو چیلنج مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو اس موقع پر تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دئیے گئے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بھی موجود تھے۔