سونا نیشنل سولیڈرٹی جونیئر تائیکووانڈو چیمپیئن شپ،بورے والا کے کھلاڑیوں نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی

101

بورے والا، 10 دسمبر (اے پی پی ):سونا نیشنل سولیڈرٹی جونیئر تائیکووانڈو چیمپیئن شپ،بورے والا کے کھلاڑیوں نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی،چیمپئین شپ میں ملتان ڈویژن کے چار اضلاع کے کھلاڑیوں کی شرکت،چیمپئین شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور منتظمین کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی پر عمل درآمد کیا گیا۔

پاکستان تائیکووانڈو ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ملتان ڈویثرن سونا سولیڈرٹی جونیئر تائیکووانڈو چیمپئن شپ قائد اعظم سٹیڈیم کے جمنیزیم ہال میں منعقد ہوئی جس میں ملتان،وہاڑی،لودھراں اور خانیوال کے اضلاع کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔چیمپیئن شپ کے تمام مقابلے کورونا وائرس کے ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے کروائے گئے۔ اس چیمپیئن شپ میں بورے والا نے پہلی،وہاڑی نے دوسری اور خانیوال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی ملک فاروق اعوان نے کہا کہ کورونا کی وباء کے دوران ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے صحت مند مقابلوں کا انعقاد قابل تحسین ہے ،ہمیں کورونا سے مقابلہ کرنے کے لئے قوم کو صحت مند بنانا ہوگا جس کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا جاری رہنا بہت ضروری ہے۔

 چیمپیئن شپ کے اختتام پر مہمانان خصوصی پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری ملک فاروق اعوان اور پاکستان تائیکووانڈو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شکیل یوسف اعوان اور جنرل سیکرٹری ایمرا چوہدری اصغر علی جاوید  نے مقابلے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔