اسلام آباد,16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ائیرپورٹ کے قیام سے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ حاصل ہوگا۔ سیالکوٹ ائیرپورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلاائیرپورٹ ہے، حکومت کورونا وائرس کی وبا کے ہوابازی کے شعبے پر منفی اثرات سے اچھی طرح واقف ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ کے وفد کے چئیرمین میاں نعیم جاوید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ ہوابازی غلام سرور خان، سیکرٹری ایوی ایشن شوکت علی اور ڈی جی سول ایوی ایشن بھی شریک تھے۔
صدر عارف علوی نے سیالکوٹ ائیرپورٹ کے قیام پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی کاوشوں کی تعریف کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نئے ائیرپورٹ کے قیام سے ملکی برآمدات کی ترسیل میں اضافے میں مدد ملے گی۔ سیالکوٹ ائیرپورٹ کے قیام سے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ائیرپورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلاائیرپورٹ ہے۔ حکومت کورونا وائرس کی وبا کے ہوابازی کے شعبے پر منفی اثرات سے اچھی طرح واقف ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران کاروباری شعبے کوہر ممکن ریلیف فراہم کیا۔ سیالکوٹ کی تاجر برادری کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی کے تحت خاطرخواہ خدمات سرانجام دے رہی ہے۔











