سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ پر محیط صنعتی سٹیٹ کے قیام کی فراہمی یقینی بنائیں گے؛وزیراعظم عمران خان

141

سیالکوٹ،09سمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ اور صنعت کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ پر محیط صنعتی سٹیٹ کے قیام کے لئے اراضی کی فراہمی یقینی بنائیں گے،پاکستان کے ہر شہر کا ماسٹر پلان بنائیں گے اور شہری علاقہ کی حدبندی کریں گے تاکہ شہریوں کے پھیلائو کو روکا جاسکے،سیالکوٹ میں ٹیکنالوجی و اپلائیڈ سائنسز انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد اہم اقدام ہے۔

 ان خیالات  کا  اظہا  ر  انہوں نے   بدھ  کو  یہاں  کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار،وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے بھی خطاب کیا۔

وزیر اعظم نے ترقیاتی پیکیج پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عوام کے ٹیکس کے پیسے کو منصوبہ بندی کے بغیر جھونک دینے اور اس کے لئے ذاتی تشہیر آسان کام تھا ،قوم نئی حکومت سے یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ کوئی بٹن دبا کر تبدیلی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے لئے صوبائی حکومت نے جامع منصوبہ بندی کی ہے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی،پارکس اس میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہروں  کی منصوبہ بندی نہ ہونے سے اور شہروں  کے پھیلاؤ سے نہ تو سیوریج کا نظام ٹھیک ہوگا اور نہ ہی دیگر سہولیات ہوں گی۔ہماری کوشش ہوگی کہ ہر شہر کا ایک ماسٹر پلان ہو جس کے تحت شہر کی حد بندی ہو تاکہ اس سے شہر باہر نہ پھیل سکے،اگر شہروں  کا پھیلائو یوں ہی جاری رہا تو زرعی اراضی ختم ہو جائے گی اور آنے والی نسلوں کو اجناس کی مشکلات درپیش ہوں گی۔سیوریج سسٹم نہ ہونے سے پینے کا پانی آلودہ ہوتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے سیالکوٹ میں اپنی مدد آپ کے تحت ائیرپورٹ کی تعمیر پر پہلے ہی مبارکباد دی تھی اور اب ائیر سیال جس کا افتتاح کیا ہے اس پر کاروباری طبقہ کو مبارکباد دی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت میں ہری پور میں سائنس وٹیکنالوجی کا انسٹیٹیوٹ قائم کیا تھا جس کا تعاون آسٹریا اور چین کی صفاول کی جامعات سے ہے اسی طرح سیالکوٹ میں بھی آج ٹیکنالوجی واپلائیڈ سائنسز یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔اس کا کریڈٹ ڈاکٹر عطاء الرحمن کو جاتا ہے جنہوں نے مشرف دور میں اعلی تعلیمی کمیشن کے لئے نمایاں خدمات سر انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ قومیں اعلی تعلیم ،انجینئرنگ ، سائنسی اداروں کی بنیاد پر آگے بڑھتی ہیں،برطانیہ میں کیمبرج اور آکسفورڈ دو یونیورسٹیاں ہیں جنہوں نے دنیا بھر کو سائنسدان اور لیڈر دیئے ہیں،ہماری بدقسمتی ہے کہ ماضی میں اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومتوں نے ماضی میں صنعت کے شعبہ پر توجہ نہیں دی،سیالکوٹ کے لوگوں میں یہ خوبی ہے کہ انہوں نے جوش وجذبہ سے کام کرکے سیالکوٹ کو انڈسٹریل حب بنایا،اب خوش قسمتی سے یہاں ایسی حکومت ہے جس کی پالیسی برآمدات میں اضافہ اور صنعت کا فروغ ہے۔حکومت سیالکوٹ کے صنعت کاروں کے پیچھے کھڑی ہے۔یہاں انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے ایک ہزار ایکڑ اراضی دینے کا مطالبہ کیا گیا وزیر اعلی سے مشاورت کرکے اس کو جلد حتمی شکل دیں گے۔اس سے مختلف علاقوں میں پھیلی صنعت کو ایک جگہ لائیں گے۔اس سے گوجرانوالا،گجرات،وزیرآباد کی صنعتیں بھی ایک ہی جگہ آسکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے قرضوں کی فراہمی ہے اس کے لئے مختص رقم میں وسائل کے ساتھ اضافہ کریں گے۔اس سلسلے میں بنک آف پنجاب کا کردار اہم ہے،بنکوں کے لئے یہ آسان ہوتا ہے کہ وہ ڈیپازٹ سے منافع حاصل کریں لیکن پنجاب بنک نے یہ کام کیا۔اس کے علاوہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں بھی اس بنک کا کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار تنخواہ دار طبقہ کو اپنے گھر کی سہولت دی جارہی ہےاس سلسلے میں انہوں قرضوں کی فراہمی کے لئے مشکلات دور کی ہیں۔اب بنکوں کے لئے قرض دینے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے محنت کشوں کے لئے کالونی بنانے کا مطالبہ کیا گیا نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت سیالکوٹ میں ان کے لئے کالونی بنائیں گے۔