ملتان، 02 دسمبر (اے پی پی): منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال کا شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائن کی تبدیلی کے منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
شمس آباد کے علاقے میں بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کے معائنہ کے دوران انہوں نے نکاسی آب کے مسائل کا نوٹس لیا اور ملحقہ علاقوں کو فوری ریلیف دینے اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے لیے اضافی لیبر بھی تعینات کرنے کی ہدایت کی اور پمپوں کے ذریعے ریلیف نہ ملنے والے مقامات پر سکر مشینری کے ذریعے صبح و شام پانی ہٹانے کا کہا۔ انہوں نے کنٹریکٹر کو روزانہ کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ پائپ نصب کرنے کا ٹاسک دیا تاکہ سیوریج لائن کے زیادہ حصے کو تبدیل اورجلد آپریشنل کرکےاہل علاقہ کو نکاسی آب کے مسائل سے ریلیف دیا جا سکے۔
ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،اسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ رانا اکرام اور دیگر بھی موقع پر موجود تھے،اس دوران ایم ڈی واسا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شمس آباد کالونی میں 36 انچ سائز کی 3250 فٹ بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کے منصوبے پر کام جاری ہے اور اب تک تقریبا 280فٹ نئی لائن ڈالی جا چکی ہے جس پر ایم ڈی واسا نے کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور موقع پر تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔