لاہور 22 دسمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کے شعبہ میں شاندارسہولیات فراہم کررہے ہیں،وزیر عظم عمران خان کی قیادت میں خدمت خلق کایہ سفرجاری رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹریاسمین راشد نے منگل کو یہاں چلڈرن ہسپتال میں سلورجوبلی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال کی سلورجوبلی کی شاندار تقریب منعقدکرنے پر انتطامیہ کومبارکباددیتی ہوں، چلڈرن ہسپتال نے گذشتہ پچیس سال میں بچوں کی بیماریوں کی تشخیص اور علاج کی بے مثال خدمات سرانجام دیں، گذشتہ پچیس سال کے دوران شاندارخدمات سرانجام دینے پر تمام فیکلٹی ممبران اور سربراہان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یونیورسٹی آف چائلڈہیلتھ کا خواب ضرور تعبیرہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر میں چلڈرن ہسپتال جیسادوسراشاندارہسپتال موجودنہیں ہے، چلڈرن ہسپتال کے بانی سربراہان نے پورے پاکستان میں بچوں کے علاج کے حوالہ سے بہت عزت کمائی، حکومت نے صحت کے شعبہ میں تاریخی بجٹ دیا، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کے قیام کے بعد کالجز بنائے جائیں گے ۔
صوبائی وزیر صحت نے میڈیانمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا محکمہ صحت پنجاب نے رواں سال میں شاندارکاکردگی کا مظاہرہ کیا، اللہ تعالی کے کرم سے وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی صحت خاصی بہترہے، اپناکوروناکاٹیسٹ 5سے6بارکرواچکی ہوں جس کی اللہ تعالی کے کرم سے رپورٹ درست آئی ہے۔