لاہور،11 دسمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے ہی غربت اور بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد کالونائزیش ہماری پالیسی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں نئی سرمایہ کاری آئی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا 113واں اجلاس منعقد ہوا۔پیسک کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی کالونائزیش کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ خود روز گار سکیم کے امور، پنجاب روزگار سکیم اور کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا ہے اور بورڈ نے فنانشل سپورٹ فارکاٹیج انڈسٹری اینڈ کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت نئے اضلاع شامل کرنے اور نئے کلسٹر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔کرونا کی وبا کے پیش نظر سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں کالونائزیش کے عمل کو تیز کرنے کے لئے پلاٹ آلاٹیز کے لئے مراعاتی پیکج پر غور کیا ہے۔
ڈائریکٹر بورڈ ریاض حمید چوہدری کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی مراعاتی پیکج کےحوالے سے سفارشات مرتب کرکے آیندہ اجلاس میں پیش کرے گی،محکمانہ اپیلوں کامعاملہ ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت کے سپرد کر دیا گیا ہے۔پیسک میں خالی آسامیوں پر بھرتی اور کمیوٹیڈپورشن آف پنشن کی بحالی کا معاملہ موخر کردیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کاٹیج انڈسٹری بحالی کی سکیم کی سست روی پرسخت اظہار ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔سکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ میں کام پر یقین رکھتا ہوں،جو کام کرے گا،وہی ادارے میں رہے گا، انہوں نے کہا کہ صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے ہی غربت اور بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد کالونائزیش ہماری پالیسی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں نئی سرمایہ کاری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں نئے لگنے والے مختلف صنعتی یونٹس نے پیدا وار شروع کر دی ہے۔