لاہور، 22دسمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی ۔صنعتی ،معاشی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھا کر غربت اور بےروزگاری کے اندھیرے مٹائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے منگل کو یہاں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پیڈمک کے زیر اہتمام پنجاب کے صنعتی مراکز میں انفراسٹرکچر کی فراہمی، کالونائزیش اور ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں قائداعظم بزنس پارک میں صنعتی یونٹس کے لئے پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور سیلز پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔ چئیرمین پیڈمک نبیل ہاشمی کی رحیم یار خان، وہاڑی، بھلوال، قائداعظم بزنس پارک اور دیگر صنعتی مراکز میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
میاں اسلم اقبال نے صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ میں 1536ایکڑ رقبے پر بننے والاقائداعظم بزنس پارک 5 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔پنجاب میں بننے والے 13 سپیشل اکنامک زونز سے صوبے میں صنعتی انقلاب برپا ہوگا۔
اجلاس میں چئیرمین پیڈمک نبیل ہاشمی سمیت سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ،اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔