ضلعی انتظامی افسران اور عوامی نمائندگان ساتھ مل کر ضلع کی تعمیرو ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہے ہیں: امجد شعیب خان ترین

87

مظفر گڑھ، 15دسمبر ( اےپی پی) :ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامی افسران اور عوامی نمائندگان ساتھ مل کر ضلع کی تعمیرو ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہے ہیں، ضلع میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے گا یہ بات انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ممبران صوبائی اسمبلی نوابزادہ منصور احمد، عون حمید ڈوگر، نیاز احمد خان، محمد سبطین رضا، اشرف خان رند بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے آپس میں باہم رابطے سے تمام مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ جو منصوبے شروع کئے جاچکے ہیں ان کو بروقت مکمل کی جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کو شروع کرتے وقت قوانین و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے جو منصوبہ شروع کیا جائے اس کو مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مظفرگڑھ شہر کی دو ریہ سٹرک کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے، راستے میں آنے والی عمارات کے مالکان کو رقم کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور اس منصوبے کو فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی نوابزادہ منصور احمد، عون حمید ڈوگر، نیاز احمد خان، محمد سبطین رضا، اشرف خان رندنے کہا یکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور یہاں کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کی فنڈزفراہم کئے ہیں جس سے نہ صرف علاقے کی ترقی ہوگی بلکہ یہاں کی عوام کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ میں بھی صحت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیرو مرمت اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں سے کئی مکمل ہوچکے ہیں جبکہ بہت سے منصوبوں پر کام جاری ہے۔اجلا س میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی پروگرامز سالانہ ترقیاتی پروگرام، شوگر کین سیس، نیا پاکستان منزل آسان اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع بھر میں 146منصوبہ جات شروع کئے گئے تھے جن کے لئے11ارب 61کروڑ 10لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے، جن میں سے 77منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 69منصوبوں پرکام جاری ہے جو جلد سے جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تنویر احمد سمیت ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔