ملاکنڈ، یکم دسمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ ریحان گل خٹک اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ملاکنڈ ڈاکٹر وحید گل نے سخاکوٹ اور درگئی میں بچوں کو ویکسین پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ نے سخاکوٹ میں گھر گھر مہم چلانے والے ٹیموں کیساتھ مہم میں بھی حصہ لیااور تشکیل دئیے گئے ٹیموں کے کارکردگی کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک، ڈاکٹر وحید گل اور ڈاکٹر مراد خان نے کہا کہ ضلع ملاکنڈ 2012سے پولیو فری ڈسٹرکٹ ہے اور انشاء اللہ عوام، علماء اور میڈیا کے تعاون سے ملاکنڈ کو پولیو فری ڈسٹرکٹ برقرار رکھیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ابھی تک ضلع بھر میں کہیں سے بھی قطرے پلانے سے انکاری شخص سامنے نہیں آیا اور ضلع ملاکنڈ کے لوگوں نے ہمیشہ قومی معاملات اور پولیو سے بچاؤ کے سلسلے میں انتظامیہ اور حکومتی اداروں کیساتھ تعاون کیا ہے جس کے بدولت ضلع ملاکنڈ میں ہرلحاظ سے حالات تسلی بخش ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ایک موذی اور لا علاج مرض ہے جس سے بچاؤ کے لئے پانچ سال سے کمر عمر بچوں کو پولیو قطرے پلانا ضروری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے۔
ضلع ملاکنڈ میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے 552خصوصی اور 470موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئ ہیں۔مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ایک لاکھ 44ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے۔ مہم میں 52فکسڈ اور 22ٹرانزٹ ٹیموں سمیت سات رولنگ ٹیمیں بھی حصہ لیں گے جبکہ پولیو ورکرز کی سیکورٹی کیلئے600لیویز اہلکار پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی دینگے۔