عوامی خدمت میں غفلت اور کوتاہی کے عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا؛ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد

174

عارف والا، یکم    نومبر   (اے پی پی ): صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ عوامی خدمت میں غفلت اور کوتاہی کے عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پی ٹی آئی حکومت کی عوامی خدمت کی پالیسیوں کے تسلسل کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے اور ہر ممکن طریقے سے سائلین کے مسائل حل کیے جائیں تمام ادارے حکومتی پالیسیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خدمات کے عمل کو بڑھائیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سہولت بازار کے دورہ دوارن خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ حکومت عام صارفین کی مشکلات سے آگاہ ہے لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے سہولت بازار لگائے گئے ہیں جہاں پر کریانہ، سبزیاں، گوشت، پھل، آٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ  پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود رہیں ،گرانفروشوں کو بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کروائیں، حکومتی رٹ کو برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام اختیارات کو بروئے کار لائے جس کا  بنیادی مقصد عام صارفین کوریلیف دینا ہے۔

 صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ ہر شخص حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کرے، سرکاری دفاتر میں نوماسک نو انٹر ی کے اصول پر سختی سے عملدرآمد کریں ،حکومتی ایس او پیز کے مطابق سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جائے اور اس سلسلہ میں شاپنگ مالز ، ہسپتالوں پبلک مقامات وغیرہ  میں ایس او پیز پر عمل درآمد کویقینی بنایا جائے ،سماجی فاصلے کے ساتھ ساتھ فیس ماسک کے بغیر تمام دفاتر میں داخل نہ ہونے دیا جائے، تمام پبلک مقامات پر حکومتی ہدایات کے تحت سینی ٹائزر کا استعمال یقینی بنایا جائے ۔

صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ  پنجاب حکومت  نے ریونیو عوامی خدمت کچہری کے زریعے لوگوں کو رہنمائی، آگاہی اور خصوصی طور پر ریونیو سے متعلقہ معاملات کی بہتری کیلئے جو احکامات جاری کیے گئے ہیں، انکا مقصد لوگوں کے دیرینہ مسائل کا حل ہے ریونیو عوامی خدمت کچہری پنجاب حکومت کا ا نقلابی اقدام ہے جس کے مثبت  نتائج سامنے آ  رہے ہیں لوگوں کو درستگی ریکارڈ، فرد کے اجراء،انتقالات کا اندراج، رجسٹری، انکم سرٹفیکیٹ، معائدہ ریکارڈ، ڈومسائل کے اجراء سمیت دیگر مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن  احمد کمال مان ، اے ڈی سی جی قیوم قدرت، اے سی عارفوالہ علیزہ ریحان ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد احمد شہزاد، سی ای او ایجو کیش راجہ طارق محمود ،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ بلال شوکت ،سی او تحصیل کونسل ملک جاوید اسلم، ڈی ایس پی نوید سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران  بھی موجود تھے۔