ملتان،06 دسمبر (اے پی پی ): صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مہندر پال سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں آزاد ہیں اور قائد اعظم کے وژن کے مطابق انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ اقلیتی طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے5 کروڑ روپے رکھے ہیں، آئندہ بجٹ میں اس رقم میں مزید اضافہ کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں رضا ہال ملتان میں پوزیشن ہولڈرز اقلیتی طلبہ و طالبات میں کیش پرائز تقسیم کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر تعلیمی میدان میں پوزیشن ہولڈرز اقلیتی طلبا و طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے،اقلیتی طلباء و طالبات اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں اور ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینارٹی ونگ کی سنٹرل صدر اور ایم این اے شنیلارت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیک پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہیں،ہم انعام کے طور پر انہیں یہ تحائف دے رہے ہیں،طلباء کو ہماری حکومت پر فخر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت تمام اقلیتیں حکومت کے ساتھ ہیں،ہم سب نے ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے۔ہمارےطلباء ملک کے معمار ہیں،وہ بغیر کسی امتیاز کے ملک و قوم کی خدمت کریں اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں۔
تقریب میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ہیومن رائٹس مہندر پال سنگھ سمیت پاکستان تحریک انصاف مینارٹی ونگ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سنٹرل صدر اور ایم این اے شنیلارت،اقلیتی ونگ کے عہدیداروں، سی ای او ایجوکیشن ریاض خان، عبدالقدیر شامی،عبدالرحمان جامی،اقبال عاربی،سرفرازکلیمنٹ،کشنتلہ دیوی اور پی ٹی آئی کے نو منتخب عہدے داروں اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
بعد ازاں تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنوں کے اقلیتی طلبہ وطالبات میں چیک تقسیم کئے گئے اور کرسمس کا کیک بھی کاٹا گیا۔