کوئٹہ، 10دسمبر(اے پی پی): وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کی دوسری لہر اور اس حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کو صوبے میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال ور ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق بتایا کہ حکومت ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک ہے ہمیں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں مثبت کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے تاہم کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں حکومت اس وباءسے نمٹنے کیلئے پوری کوشش کررہی ہے عوام کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سے متعلق بھرپور انداز میں باخبر کیا جارہا ہے۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر ربابہ بلیدی، چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔
اے پی پی/ کوئٹہ/حامد