لاہور، 29 دسمبر(اے پی پی): محکمہ لائیو سٹاک میں پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈائریکٹر کمیونیکیشن اور چیئرمین پی پی اے نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس کی صدارت سیکرٹری لائیو سٹاک کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کی۔
اجلاس میں پولٹری مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بارے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے پولٹری سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر تجاویز پیش کیں۔پولٹری فیڈ کے اجزاء پر عائد درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
سیکرٹری لائیو سٹاک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارمز اور انڈسٹری سے ملکر ڈیمانڈ اور سپلائی کو بہتر کریں گے۔انہوں نے ایسوسیشن کو ہدایت دی کہ مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے جلد اقدامات کیے جائیں۔