اسلام آباد، 11دسمبر (اے پی پی ): اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسلم ممالک کے مابین تعاون کوفروغ دینے کے لیے پارلیمانی سفارتکاری ضروری ہے، مسلمہ اُمہ کو درپیش مسائل سے نکانے کے لیے تمام مسلم ممالک کو مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار اسپیکرقومی اسمبلی نے جمعہ کو یہاں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ایران اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، پاکستان اور ایران کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش رکھتی ہے،باہمی مفادات کے لیے دونوں ممالک کو تجارت، سر مایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا جبکہ بین الاقوامی اہمیت کے حامل معاملات پر دونوں ممالک کو اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ پاک-ایران باڈرز پر تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے دونوں دوطرفہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،دونوں ممالک میں تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ان استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات بڑی اہمیت دیتا، ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کو اشراکت دار سمجھتا ہے، ایران کی قیادت اور حکومت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش مند ہیں۔
ایران کے سفیر نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیےا سپیکر قومی اسمبلی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ہمسایہ ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں،مسلم ممالک کے مابین اتحاد کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موثر طرز حکمرانی کے لیے دونوں ممالک کے مابین اداروں کی سطح پر تعاون کوفروغ دینے کی ضرورت ہے۔