ملتان؛سیکرٹری زراعت پنجاب کا ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کا دورہ، تحقیقی منصوبوں  پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

73

 ملتان، 22 دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی سے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے زرعی جامعہ کے پراجیکٹس، انوویشنز، ترقیاتی کام، ہائبرڈ ویٹ اور دیگر اہم امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی طلباو طالبات کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ خطے کے کسانوں و کاشتکاروں کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے زرعی جامعہ کی جانب سے متعارف کرائی گئی ہائبرڈ ویٹ، مینگو سمال ٹری سسٹم ویجیٹیبل نرسری، ہائیڈروپانک یونٹ، ڈرپ ایری گیشن سسٹم اور جدید مشینری جس کے استعمال سے کسانوں کو فصلات میں بے پناہ اضافہ ہو سکتا ہے کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

وائس چانسلر نے کہاکہ زرعی یونیورسٹی میں نئی تعمیر شدہ عمارات معیاری اور جدید سہولیات سے آراستہ ہیں جس میں جدید لیبارٹریز، اکیڈمک بلاک، ایڈمن بلاک، گرلز ہاسٹل، بوائز ہاسٹل اور گیسٹ ہاؤس، لائبریری سمیت رہائشی کالونیاں شامل ہیں جو پایہ تکمیل تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے قیام کے مقصد کو پورا کرنے کے لئے دن رات کام کررہی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زراعت سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔ زرعی جامعہ یہاں کے کسانوں و کاشتکاروں کی کیپسٹی بلڈنگ پر بھی خاص طور پر فوکس کر رہی ہے اس حوالے سے زرعی جامعہ متواتر ورکشاپس، سیمینار اور ٹریننگز وغیرہ کا انعقاد کروا رہی ہے۔

 انہوں نے مزید کہاکہ کسانوں کی بہتری اور موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی جامعہ کی ٹیم مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں جس میں ان کو کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔

سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں جو کام ہو رہے ہیں تعریف کے قابل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زرعی جامعہ ایک تعلیمی ادارہ ہونے کے ساتھ ساتھ کسانوں کیلئے رہنمائی اور ترقی کا بہترین ادراہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کی ترقی میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ ہمارا ملک زرعی ملک ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد شعبہ زراعت سے منسلک ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے زرعی یونیورسٹی میں جاری ریسرچ پراجیکٹس، ہائیڈروپانک یونٹ، ویجیٹیبل نرسری، گرین ہاؤس، ڈرپ ایری گیشن سسٹم اور تحقیقاتی فارم پر شعبہ انجینئرنگ کی جانب سے بنائی گئی جدید مشینری، واٹر سسٹم اور ڈرائی مشین کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے جامعہ میں گندم، کپاس اور آم پر کی جانے والی محنت کو بھر پور سراہا اور کہاکہ اگر اس خطے کے کسان زرعی جامعہ کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کریں تو کامیاب ہو سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر انفرادی طور پر زراعت کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے زرعی جامعہ میں لگائے گئے مینگو سمال ٹری سسٹم اور گندم کی مختلف اقسام کے لگائے گئے ٹرائلز کا خصوصی طور پر دورہ کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔

 انہوں نے  زرعی جامعہ میں پودا بھی لگایا۔

 اس موقع پرڈائریکٹر زراعت توسیع شہزاد صابر، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید، پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈاکٹر عابد، اسسٹنٹ ڈائریکٹرانفارمیشن عبدالصمدسمیت دیگر موجود تھے۔