ملتان، 10 دسمبر (اے پی پی ):عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان کے زیراہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل اور ویز واش ملتان کے تعاون سے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کا اہتمام ممتاز آباد میں کیا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر محمود حسین ڈوگر، پروفیسر اعظم حسین، مختار سومرو، ملک حامد رفیق، محمد عقیل شریف، سید شہباز حیدر بخاری، شیخ محمد یامین، محمد ارشاد، اور حسن ندیم سمیت معززین کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر بھارت کے خلاف نعرے بازی کی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، نعیم اقبال نعیم، پروفیسر عبدالماجد وٹو، رانا محمد شیراز، میاں محمد ماجد، رشید عباس خان اور عمران اعظمی نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے پچھلے تقریباً 500 سو روز سے کشمیری دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید وبند کی صوبعتیں برداشت کر رہے ہیں کرفیو نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے کھانے پینے علاج معالجے تک کی سہولیات مہیا نہیں کی جارہی پندرہ ہزار ارب سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوچکا ہے کشمیر میں زندگی مفلوج کر کے انڈیا نے انسانی حقوق کی جو خلاف ورزی کی ہے اس پر عالمی ادارے تماشائی بنے دیکھ رہے ہیں۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ہم اس احتجاجی مظاہرے کے ذریعے عالمی طاقتوں کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دنیا کشمیریوں پر بھارتی غاصبانہ قبضہ ختم کروا کر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ان کو ان کا بنیادی حق دے، 90 لاکھ کشمیریوں کے انسانی حقوق صلب ہونے پر انسانی حقوق کے علمبرداروں کو شرم آنی چاہیے کہ وہ سترہ اٹھارہ ماہ سے کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق نا دلواسکے اور کشمیری سسک سسک کر مر رہے ہیں اقوام متحدہ اور او آئی سی فی الفور کشمیر سے کرفیو ختم کرواے۔
اس موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حق میں نعرے بازی کی اور آخر میں کشمیر کی آزادی کی دعا کی۔
جسکی قیادت چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم،سماجی رہنما پروفیسر عبدالماجد وٹو، انجئنیر رانا محمد شیراز، میاں محمد ماجد، رشید عباس خان اور مارکیٹنگ ہیڈ شمع بناسپتی عمران اعظمی نے کی۔