ملتان، 23دسمبر(اے پی پی): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا گرجاگھروں،نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور قلعہ کہنہ قاسم باغ میں صفائی آپریشن جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر کرسمس کے پیش نظر چرچز میں خصوصی صفائی آپریشن جاری و ساری ہے، گرجا گھروں کے احاطوں اور اطراف میں چھڑکاو اور لائم لائننگ بھی کی جارہی ہے۔
نشترمیڈیکل یونیورسٹی نے بھی صفائی کے لئے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی مدد طلب کرلی ہے ایک لوڈر،2 ٹرالیاں اور10 ورکرز نشتر ہسپتال اور کالونی سے ویسٹ اور تعمیراتی ملبہ اٹھانے میں مصروف عمل ہیں۔ویسٹ ہسپتال کے فارمیسی سٹور، نرسنگ اور ڈاکٹرز ہاسٹلز کے اطراف سے اٹھایا جارہا ہے، گائنی وارڈ کے قریب ڈمپ کیا گیا تعمیراتی ملبہ بھی اٹھایا جارہا ہے، نشتر کالونی سے اب تک40 ٹن ویسٹ اٹھایا جا چکا ہے۔
ایم ڈی ایم ڈبلیو ایم سی فخرالاسلام ڈوگر نے نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اورصفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی کی منیجر آپریشنز کو صفائی پلان تیار کرکے نشتر ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کرنیکی ہدایت صادر فرمائی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور ایم ڈبلیو ایم سی کے درمیان صفائی کے حوالے سے معاہدے کا امکان ہے۔
حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کے تیسرے روز بھی قلعہ کہنہ قاسم باغ کی خصوصی صفائی جاری و ساری ہے، مزارات اور قلعہ کی صفائی کے لئے ایک سپروائزر اور 10 ورکرز تعینات کئے گئے ہیں۔ قاسم باغ، مزارت اور قلعے کی طرف جانے والی سڑکوں کے ساتھ چونے کی لائنیں اور پانی کا چھڑکاو کیا جا رہا ہے۔











