ملتان، 25 دسمبر ( اےپی پی): بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے سلسلے میں ملتان-سکھر موٹروے ایم 5 بیٹ23 کے زیر اہتمام ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بیٹ کے تمام پٹرولنگ افسران نے شرکت کی۔ڈی ایس پی مسرور علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ آزادی وہ نعمت ہے جس کی قدر فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں سے پوچھی جا سکتی ہے۔ہماری خوش قسمتی ہے کے بر صغیر پاک و ہند میں قائد اعظم جیسا عظیم لیڈر پیدا ہوا جن کی کوششوں سے ہم آج ایک آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکٹر کمانڈر ملتان رانا سرفراز ناصر نے یوم قائد اعظم کے موقع پر یہ پیغام دیا ہے کہ تمام آفیسرز قائد اعظم کے افکار کے مطابق قوم کی خدمت کریں اور ترقی یافتہ پاکستان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ تقریب میں پٹرول آفیسر حسان ملک اور فیصل افضل نے ملی نغمے پیش کئے۔ پٹرول آفیسر انتظار مہدی نے اپنے خطاب میں خوبصورت الفاظ میں قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔