ملتان: ویسٹ   مینجمنٹ کمپنی انتظامیہ کا اجلاس، تمام ورکرز کو ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا اعلان

103

ملتان ،11 دسمبر (اے پی پی ): ایم ڈی ویسٹ   مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر کی زیر صدارت کمپنی انتظامیہ کا اجلاس  جمعہ کو یہاں منعقد ہوا،اجلاس  میں ایم ڈی نے گاڑیوں کو فیلڈ میں پنکچر لگانے کے لئے پنکچر وین فراہم کرنے سمیت ورکرز کو جیکٹ، شوز، گلووز، ماسک اور صابن فراہم کرنے اور  کمپنی کے تمام ورکرز کو ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا  اعلان کیا ۔

اجلاس  سے خطاب کرتے  ہوئے  ایم ڈی فخرالسلام ڈوگر کا کہنا تھا کہ کمپنی میں کارپوریٹ کلچر متعارف کرایا جائے گا،اوپن ڈور پالیسی اپنائی جائے گی اور سرخ فیتے کے کلچر کا خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  کمپنی کے ہر شعبے میں شفافیت اورپرفارمنس میں برق رفتاری میرا اولین ایجنڈا ہے،ورکرز کے مسائل حل اور انکواپنائیت کا احساس دلاکر انکی کارکردگی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے  جبکہ کمپنی ورکرز کی ترقی کے لئے ڈپیارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کااجلاس بلایا جائے گا۔انہوں  نے کہا ورکرز کی پرسنل سروس فائیلوں کو مکمل کیا جائے گا۔

ایم ڈی فخرالسلام ڈوگر نے کہا  کہ ریٹائر یا سروس کے دوران وفات پانے والے ملازمین کو بقایاجات کا چیک انکے گھر پہنچایا جائے گا، شہر میں نئی یونین کونسلوں کی شمولیت کے پیش نظر ورکرز کی تعداد میں جلد اضافہ کیا جائے گا۔تمام خراب مشینری کو مرمت کرنے کے لئے تیز ترین اقدامات کئے جائیں گے جبکہ کمپنی کے استعداد کار میں اضافہ کے اقدامات کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے منظوری کی جائے گی ۔

اجلاس میں منیجرز علیم خان،فہیم خان لودھی،ساجد ریاض،عقیل احمد اور عمران خان  ، ڈپٹی منیجرز عثمان خورشید،انوارلحق، ظفر،عمر فاروق،ارسلان خورشید اور احمد ،یونین عہدیدار سمیع اللہ،منیر ہانس،ارشد بلوچ اور سعید احمد ،ڈپٹی منیجرز اور یونین عہدیداران نے شرکت کی۔