ملتان، 30دسمبر)اے پی پی ): ضلع کے بلدیاتی اداروں کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا، لوکل گورنمنٹ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 78 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔
منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے زیرصدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس ہوا،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم نے اجلاس کو بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں76ترقیاتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے منصوبوں پر38 کروڑ86 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کونسل ملتان کے تحت49 ترقیاتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں ،تحصیل کونسل شجاع آباد میں29 اور تحصیل کونسل جلالپور پیروالامیں9 منصوبے مکمل ہونگے،میونسپل کمیٹی شجاع آباد میں9اور میونسپل کمیٹی جلالپور پیروالا میں2منصوبوں پر ترقیاتی کام کا آغاز ہو گا۔
عامر خٹک نے کہا منصوبوں کے حوالے سے تمام ہوم ورک 28جنوری تک مکمل کر لیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے ،منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ترقیاتی فنڈز لیپس ہونے کا ذمہ دار متعلقہ آفیسر ہو گا۔
اے سیز محمد زبیر، مدثر ممتاز،چیف آفیسرز شاہداقبال اور اقبال خان نے شرکت کی ضلع کے تمام بلدیاتی اداروں کے چیف آفیسرز اور ایکسینز بھی شریک ہوئے ۔