لاہور 30 دسمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت آج پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔اتھارٹی کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں فنی تعلیم کے اداروں کی آن لائن رجسٹریشن کے عمل کی منظوری دی گئی۔اراکین اسمبلی ملک ندیم کامران، سمیرا احمد، ڈی جی پی ایس ڈی اے، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ تنظیمی ڈھانچے کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی جبکہ پی ایس ڈی اے کے رولز کو حتمی شکل دینے کیلئے ایم پی اے ملک ندیم کامران کی سربراہی کمیٹی تشکیل دی۔پی ایس ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے اور رولزمرتب کرنے والی کمیٹیاں آیندہ اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کریں گی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنی تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس لئے پالیسیوں کو سہل بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے اداروں کی آن لائن رجسٹریشن ادارے کا بڑا اقدام ہے۔اس اقدام سے رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت آئے گی اوررجسٹریش کا عمل تیز ہوگا۔درخواست گزار رجسٹریشن کے ہر مرحلے سے مکمل طور پر آگاہ ہوگا اور درخواست گزار کو فیس کی آن لائن ادائیگی کی سہولت حاصل ہوگی۔فنی تعلیم کے ادارے کی رجسٹریشن کے ساتھ وہاں کرائے جانے والے کورسز کی بھی رجسٹریشن ہوگی، صوبائی وزیر نے ہدایت کی رجسٹرڈ اداروں کی تھرڈ پارٹی انسپیکشن کا نطام وضع کیا جائے، صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مضبوط ادارہ بنایا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے سے رجسٹرڈ اداروں سے رجسٹریشن فیس نہیں لی جائے گی جبکہ نئے اداروں کو فیس کی پرانی شرح سے رجسٹر کیا جائے گا۔











