نارووال؛ ڈپٹی کمشنر آفس  میں ضلعی چیئرمین کمپلینٹ سیل کے دفتر کا افتتاح کردیاگیا

156

نارووال،26دسمبر(اے پی پی):  ڈی سی آفس میں قائم دفتر شکایات کا چارج ضلعی چیئرمین چوہدری منیر حسین چاہل نے سنبھال لیا۔ڈپٹی کمشنر نارووال ظہیر حسن نے حکومت پنجاب کی طرف سے نامزد ضلعی چیئرمین چوہدری منیر حسین چاہل کے ہمراہ دفتر کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

ضلعی چیئرمین شکایات سیل چوہدری منیر حسین چاہل نے آنے والے پارٹی ورکروں اوررہنماؤں سے کہا کہ میرے دراوزے ہر خاص و عام شہریوں کے لئے کھلے ہیں ان کی مشکلات کے ازالے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔چیئرمین شکایات سیل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر قائم دفترکمپلینٹ سیل میں آنے والی ہر شکایت کے بروقت اندراج اور اس کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ سائیلین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلی پنجاب کے گڈ گورننس،سروس ڈیلیوری اور ٹرانسپرنسی کے خواب کو عملی طور پر شرمندہ تعبیر کیا جائے گا اور ڈپٹی کمشنر نارووال اورڈی پی او نارووال کے ساتھ بھرپور ورکنگ ریلشین شپ کی عمدہ مثال قائم کی جائے گی۔

چیئرمین شکایت سیل نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نارووال کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، جس پر ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے ان کا شکریہ ادا کیا اورانہیں بطور چیئرمین شکایت سیل کا دفتر سنبھالنے پر مبارکبادی اور ان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا-

ضلعی کوآرڈینیٹر ایکسائز مختار احمد بھولا،ضلعی کوآرڈینیٹرپاکستان نواب محمد علی خان کے علاوہ جاوید ڈھیڑ ، اے جی خاں،ثمرناظر ،علامہ عبد الغفار سلطانی،میاں فیاض احمد و دیگر پی ٹی آئی راہنما اس موقع پر موجود تھے۔