لاہور، دسمبر 18(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ میں یقین دلاتا ہوں کوئی حکومتی شخص اسرائیل گیا نہ کسی سے رابطہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی شخص یا ریاست کا اسرائیل کے کسی فرد سے رابطہ نہیں، مجھ سمیت کوئی بھی حکومتی اہلکار اسرائیل کے دورے پر نہیں گیا، جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہے۔
طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسرائیل کے حوالے سے بہت واضح ہیں، ریاست پاکستان، اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی ، وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں اسرائیل کوتسلیم کر لیا تو خدا کو کیا جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کے ہم ذمہ دار نہیں ہیں۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ احتساب کا عمل بلا مشروط چلتا رہے گا، عمران خان کی حکومت پر تہمت لگانے والے ثبوت لائیں۔طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کوئی حکومتی شخص اسرائیل گیا نہ کسی سے رابطہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ عمران خان سنی سنائی باتوں پر یقین کرتے ہیں۔طاہر اشرفی نے کہا کہ مذاکرات اور بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، بات چیت احتسابی عمل سے مشروط نہیں ہو سکتی۔عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں عربی زبانی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، ہم اگرعربی زبان سیکھ لیں توقرآن و سنت کو سمجھنے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عربی زبان سیکھنے سے ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی سے بچ سکتے ہیں، فلسطین امت مسلمہ کا اجتماعی مسئلہ ہے، اس پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔