وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت محکمہ ریونیو کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا

140

کوئٹہ23دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلو چستان کی زیر صدارت محکمہ ریونیو اور محکمے کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق لینڈ مینجمنٹ ریونیو انفارمیشن سسٹم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے بلوچستان لینڈ ریونیو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایاگیا کہ مذکورہ پراجیکٹ صوبہ پنجاب کی طرز پر ترتیب دیاگیا ہے جس میں لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزنگ، ٹیکس کمی کنٹرول، لینڈریکارڈ تک آسان رسائی، عوامی فلاح و بہبود کیلئے بہتر لینڈ پلاننگ،سکیننگ اور انڈیکسنگ ماڈیول،ڈیٹا انٹری ماڈیول، مرکز سہولت، ای سٹیمپنگ ماڈیول، انٹریکٹیو سائٹ، موبائل ایپ، فیڈ بیک ماڈیول، انٹی گریشن سسٹم شروع کرنے اور صوبے میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام سے متعلق سمیت عشر،آبیانہ اور دیگر امور کے حوالے سے آگاہ کیاگیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ ریونیو اور ڈویژنل کمشنرز کو ریونیو بڑھانے اور اس حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدار، نائب تحصیلدار اور محکمہ مال کے دیگر عملے کو اپنے فرائض کا ادراک رکھنے اور امور کی احسن انجام دہی کو یقینی بنانے اور محاصل میں اضافے سے متعلق اقدامات کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریونیو جنریشن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے ماتحت افسران کو سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہدایت دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹواریوں کی خالی اسامیوں کو بذریعہ پبلک سروس کمیشن پر کرنے اور سروس رولز میں ضروری تبدیلی سے متعلق فوری طور پر سمری ارسال کی جائےاجلا س میں صوبائی وزیر ریونیو میر سلیم احمد کھوسہ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود، سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ، کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام جبکہ ڈویژنل کمشنروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔