وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ایف اے او کی نمائندہ مس ربیکا نے ملاقات کی

88

کوئٹہ،22 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے پاکستان میں متعین اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ایف اے او کی نمائندہ مس ربیکا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایف اے او کے تعاون سے صوبے میں جاری پروگرامز اور یورپی یونین کی جانب سے بلوچستان کے آبی وسائل کی بحالی کے نئے پروگرام کے لیے معاونت کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نمائندہ ایف اے او مس ربیکا نے کہا کہ آسٹریلین حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ایگری بزنس پروگرام کے تحت چھ اضلاع کے 23 ہزار گھرانوں کو پانی، خوراک، معاشی تحفظ کے لیے معاونت فراہم کی گئی ہے آبی وسائل کی بحالی کے پروگرام کے لئے ای یو کی جانب سے 40 ملین یورو کی مالی معاونت حاصل ہوگی ۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میں واٹر سیکٹر، زراعت، فشریز اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں موجودہ حکومت پانی کو محفوظ کرنے کے لیے متعدد ڈیمز کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور بلوچستان میں زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کے پیداواری شعبے بھی نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔