وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد

66

کوئٹہ15دسمبر(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبے میں پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ،کالجز، بی آر سیز، ہسپتالوں اور جی او آر کالونی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو سیکٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ غلام علی بلوچ نے 2020- 21 کی جاری 290 اسکیمات اور 405 نئی اسکیمات،پی سی ون اسٹیٹس، اسکیمات کی ڈی ایس سی اور پی ڈی ڈبلیو پی، صوبے میں پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ،بی آر سیز، کالجوں، اسکولوں، ہسپتالوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ عمارتوں کے ڈیزائن میں جدید طرز تعمیر کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی باقاعدہ ماسٹر پلاننگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جی او آر کالونی کی طرز پر ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں اور جی او آر کالونیوں کی تعمیر میں کمیونٹی ہال، کامن جمنازیم، فیملی پارک، پارکنگ لاٹ، اسکول، سیوریج اور ڈرینج کا موثر نظام، اسٹریٹ لائٹس، زیر زمین بجلی اور سہولیات کی موثر فراہمی کے لیے یوٹیلیٹی کوریڈور کی تعمیر کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم ایک ارتقائی عمل سے گزر رہے ہیں عمارتوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ان میں وہ تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں جو نہ صرف دور حاضر کی ضرورتوں کو پورا کرے بلکہ ایسی عمارتوں کی تعمیر مستقبل میں بھی کارآمد اور مفید ثابت ہوں.اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالصبور کاکڑ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وی این ایس کوئٹہ/فاروق