وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہے : فیاض الحسن چوہان

98

لاہور، 10 دسمبر(اے پی پی): وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہے، عمران خان ہمارے کپتان ہیں اور انکی ٹیم پاکستان ہے،وہ جانتے ہیں ملک کو موجودہ بحران اور مشکل حالات سے کیسے نکالنا ہے۔

جمعرات  کو  یہاں پنے ویڈیو پیغام میں  صوبائی  وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی سازشیں وزیراعظم عمران خان کی منصوبہ بندی کو ناکام نہیں بنا سکتیں۔گزشتہ دو دن سے پی ڈی ایم قیادت اسمبلیوں سے استعفوں پر شش و پنج کا شکار ہے۔نواز شریف، بیگم صفدر اعوان اور مولانا فضل الرحمن کو استعفوں کی جلدی؛ پیپلز پارٹی، ش لیگ اور دیگر پارٹیاں ہچکچا رہی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ استعفے دینے سے مولانا فضل الرحمن، نواز شریف اور بیگم صفدر اعوان کا کچھ نہیں جاتا۔بلاول زرداری کے پلان بی اور سی کے حوالے سے سوال پر بھی پی ڈی ایم قیادت لاجواب نظر آئی۔

 فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔ریلو کٹوں اور پھٹیچر اراکین کے استعفے صرف سوشل میڈیا پر آ رہے ہیں، اسپیکر کی میز پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر منتشر پی ڈی ایم عوام کو بے وقوف بنانے کا ڈرامہ بند کرے۔