وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی سے  ازبکستان کے وفد کی ملاقات

153

اسلام آباد۔29دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی سے آج وزارت ریلوے میں ازبکستان کے وفد نے ازبک وزیر ٹرانسپورٹ ایلکام ماکا موو کی قیادت میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات ٹرانزافغان ریل پراجیکٹ کے سلسلے میں کی گئی اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، کارگو ٹرین سروس سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس پراجیکٹ کے تحت پاکستا ن اور ازبکستان کو افغانستان کے ذریعے ریل لنک سے ملایا جائے گا۔ بعد ازاں دیگر وسطی ایشائی ممالک تاجکستان، ترکمانستان بھی اس میں شامل ہو سکیں گے۔ اس اہم پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان ، افغانستان اور ازبکستان کے مابین کارگو سروس شروع کی جا سکے گی۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ٹرانزافغان ریل لنک پراجیکٹ کے لیے ورلڈ بینک کے نام سہہ ملکی مشترکہ اپیل پرازبکستان کے وفد کی موجودگی میں دستخط کئے جوکہ تینوں ممالک کی معاشی ترقی میں اہم پیش رفت ہوگی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی، مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سمیت پرنسپل سیکرٹری ٹو پرائم منسٹرمحمد اعظم بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ اس سہہ ملکی مشترکہ اپیل پر پہلے ہی صدر افغانستان اور صدر ازبکستان دستخط کر چکے ہیں۔ اس سلسلے میں تینوں ممالک کی جانب سے 4.8ارب ڈالر کی فنانسنگ کی اپیل صدر ورلڈ بینک کو کی جائے گی جو کہ پہلے ہی اس اپیل کے حوالے سے آن بورڈ ہیں۔ یہ ریلوے لنک تینوں ممالک کی معاشی ترقی اور علاقائی رابطے مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس مشترکہ اپیل کے تحت حاصل ہونے والے سرمائے سے 573کلو میٹر طویل ریلوے لنک بچھایا جائے گا۔ یہ مختصر ترین معاشی ٹریک پشاور سے کابل اور کابل سے مزار شریف کے ذریعے ازبکستان کے ساتھ جا ملے گا۔ اس ٹریک پر 27اسٹیشن ،912مختلف النوع تعمیرات اور7 ٹنل تعمیر کیے جائیں گے ۔ وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ اس جوائنٹ وینچر کے ذریعے خطے کی معیشت کو مضبوط کریں گے اور دہشت گردوں کویہاں سے باہر نکال دیں گے۔ ازبکستان کے وفد میں قدراتوو لازز ڈپٹی منسٹر سرمایہ کاری وغیر ملکی تجارت، صدیق فرقت ڈپٹی منسٹرامور خارجہ، تاشماتوسعداللہ خصوصی سفیر شامل تھے۔