اسلام آباد،10دسمبر (اے پی پی):پاک بحریہ نے کمبا ئنڈ ٹاسک فورس ۔ 151 کی کمانڈ سنبھال لی،اس سے پہلے یہ کمانڈ برادر ملک ترکی کے پاس تھی، پاک بحریہ اس سے پہلے بھی آٹھ مرتبہ ٹاسک فورس ۔ 151 کی کمانڈ سنبھال چکی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تبدیلی کمانڈ کی تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز بحرین میں منعقد ہوئی ،پاک بحریہ کے کموڈور عبدالمنیب کو کمبائنڈ ٹاسک فورس۔151 کا نیاکمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔
کموڈور عبدالمنیب نے اپنے خطاب میں سبکدوش ہونے والے کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس ۔ 151 اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ کمبائنڈ ٹاسک فورس – 151 کمبائنڈ میری ٹائم فورسزکے زیر ِنگرانی اپنے فرائض انجام دے رہی ہے ۔ کمبائنڈ ٹاسک فورس ۔ 151 میری ٹائم سکیورٹی، بحری قزاقی اور سمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کو یقینی بناتی ہے۔
تقریب میں بحرین میں تعینات پاکستان اور ترکی کے سفیروں سمیت دیگر سفارتی اور عسکری شخصیات نے بھی شرکت کی۔