پشاور، 25دسمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کیجانب سے تجاوزات اور غیر قانونی سائن / بل بورڈز کے خلاف آپریشن کیا گیا جسمیں پشاور بھر سے 2000 سے زائد سائن بورڈز، بل بورڈز، سٹینڈ بورڈز، بینرز اور دیگر تجاوزات ہٹا دی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ پشاور کی نگرانی میں جاری یہ آپریشن جی ٹی روڈ، کنال روڈ، ورسک روڈ، چارسدہ روڈ، حیات آباد ، جمرود روڈ، کوہاٹ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کیا گیا اور عمارتوں و پلازوں کے اوپر قائم بل بورڈز سے بینرز اتارے گئے جبکہ مالکان کو بل بورڈز اتارنے کے لیے نوٹس جاری ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے جاری کردہ بیان کیمطابق شہر میں تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، جس میں صوبائی دارلحکومت پشاور کو تجاوزات / غیر قانونی سائن بورڈز، بل بورڈز اور بینرز سے پاک کیا جائے گا۔











