پشاور، 17دسمبر(اے پی پی): پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے ٹاؤن ون انتظامیہ کے ہمراہ بیرون گنج گیٹ پھندو روڈ پر تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 50 سے زائد دکانوں کی غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں۔
مذکورہ علاقے میں دکانداروں نے دکانوں سے باہر فٹ پاتھ پر تجاوزات قائم کی ہوئی تھیں،جن کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو دشواری کا سامنا تھا اور ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پیدا ہو رہا تھا، جسکی وجہ سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد نے ٹاؤن آفیسر ریگولیشن ریاض اعوان، اے ٹی او ار ایاز درانی اور انفورسمنٹ آفیسر قیصر باچا کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔
اس آپریشن میں مشینری کی مدد سے دکانوں کے غیر قانونی چھجے، تھڑے اور دیگر تعمیرات مسمار کی گئیں۔
ترجمان ڈپٹی کمشنر آفس پشاور کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے پشاور کے دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی دکانوں سے باہر تجاوزات قائم نہ کریں، اور ہدایات کی خلاف ورزی نہ کریں کیونکہ بصورت دیگر انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔