پنجاب اسمبلی نے 68 بل اور 33 آرڈیننس پاس کیے ۔پنجاب میں  قوانین بنے کئی کئی دہائیاں گزر گئیں ،سو سال پرانے قوانین تبدیل کر رہے ہیں:راجہ بشارت

271

لاہور 2 دسمبر (اے پی پی)وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ریکارڈ قانون سازی کی گئی ۔پنجاب اسمبلی میں اس وقت اپوزیشن کی بڑی فعال تعداد موجود ہے ۔پنجاب اسمبلی نے 68 بل اور 33 آرڈیننس پاس کیے ۔پنجاب میں  قوانین بنے کئی کئی دہائیاں گزر گئیں ۔سو سال پرانے قوانین تبدیل کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےلاہور میں وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔راجہ بشارت نے کہا کہ ملک میں بہت سے جمہوری چمپیئن آئے لیکن کسی کو قوانین تبدیل کرنے کی توفیق نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی جمہوری سوچ کی وجہ سے سب قوانین پاس ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو فعال کرنے کی قانون سازی کر چکی ہے جس کے تحت وہ کسی بھی وقت اجلاس بلا سکتے ہیں اور متعلقہ محکموں کو بلا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کا بلدیاتی الیکشن کے لیے ایکٹ پاس کروایا جیسے ہی الیکشن کمیشن کی طرف سے اجازت ملی الیکشن کروا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری اور فیٹف اور شوگر فیکٹری کنٹرول آرڈیننس پہلی دفعہ نافذ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کسان شوگر ملوں کے آگے پستہ رہا کرشنگ شروع ہونے کے باوجود کسان کو پیسے نہیں ملتے تھے اب کسان کو بھی بل کے ذریعے حقوق دیے ہیں ۔اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھیں گے۔