کراچی،11 دسمبر(اے پی پی ): پی اے ایف ائیرمین اکیڈمی کورنگی کریک کے قیام کے بعد پہلے ائیرو اپرینٹس بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان مہمانِ خصوصی تھے۔ مجموعی طور 1474 ائیرو اپرینٹس نے اپنی ٹیکنیکل ٹریننگ کامیابی سے مکمل کی جس میں بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور پاکستان نیوی کے ٹرینی بھی شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاک فضائیہ کے نیکسٹ جنریشن پروگرام کے تحت تربیت کی نئی جہتوں کے حصول کے لئے اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ اکیڈمی خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی اعلیٰ تربیت گاہ ہے جس کا مقصد نہ صرف ماہر ٹیکنیشنز بلکہ اعلیٰ سوچ کے حامل ائیرمین بھی تیار کرنا ہے جو ٹیکنالوجی سے بھرپور ماحول میں کام کرنے کی قابلیت رکھتے ہوں۔
انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے ٹرینیز کو تلقین کی کہ وہ پاک فضائیہ کی ان شاندار روایات کو برقرار رکھیں جن کی وجہ سے پاک فضائیہ ایک موئثر اور مضبوط قوت کے طور پر جانی جاتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اکیڈمی دنیا کے مشہور تربیتی ادارے کے طور پر جانی جائے گی اورخطے میں اپنی طرز کا منفرد تربیتی اداراہ ہو گا۔
علاقائی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذوں پر درپیش کسی بھی خطرے سے نبرد آزما ہونے کے لیے پاک فضائیہ دیگر مسلح افواج کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے۔مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر ائیر چیف نے کشمیری بہن بھائیوں کو ان کی پر عزم جدوجہد آزادی کے سلسلے میں اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ۔
مہمانِ خصوصی نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ائیرو اپرینٹس کو ٹرافیز سے بھی نوازا۔جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پراکیڈمی سارجنٹ ائیر کرافٹ مین حسین علی کو ائیر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی سے نوازا گیا۔بنگلہ دیشی فضائیہ سے تعلق رکھنے والے لیڈنگ ائیر کرافٹ مین،ایم ڈی غلام ربانی بہترین کارکردگی پر بیسٹ فارن ٹرافی کے حقدار ٹھرے۔ مجموعی طور پر اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر ائیرکرافٹ مین سکندر اقبال کو چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سے نوازا گیا۔