کورونا وباء  کی روک تھام کیلئے میڈیا کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے:کمشنر ہزارہ ڈویژن ریاض خان

124

ایبٹ آباد،19دسمبر(اے پی پی):کمشنر ہزارہ ڈویژن ریاض خان محسودنے کہا ہے کہ اس وقت کورونا وباء پوری دنیا میں چھائی ہوئی اس لئے میڈیا کو اس کی روک تھام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے عوام میں اس سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر، شعور و آگاہی پر زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار اور انہوں نے  کمشنر ہاؤس میں آل ٹریڈرز فیڈریشن علی اصغر گروپ کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لینے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آل ٹریڈرز کے منتخب عہدیدارو ں سے حلف لیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے بچاؤ کے لئے صرف اور صرف تین بنیادی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ماسک پہننا، بار بار ہاتھ دھونا اور سماجی فاصلہ رکھنا جس کے لئے کسی کے مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنے آپ اور اپنے پیاروں کو کورونا وباء سے بچائیں۔

 کمشنر ہزارہ نے نو منتخب آل ٹریڈرز فیڈریشن کو خوش آمدید اورمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اپنے تاجر برادری کی فلاح و ترقی کے لئے بھر پور کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں تاجر برادری کے تمام گروپوں کو خوش آمدید کہتا ہوں جو بھی گروپ ہو ہمارے لئے قابل قدر ہے اور کمشنر آفس ان کے لئے حاضر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ہزارہ ڈویژن کی تاجر برادری سے بہت خوش ہوں کیونکہ چینی بحران اور سستا انصاف بازاروں کے انعقاد کی کامیابی میں انہوں نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا اور پورے صوبے میں سب سے زیادہ ہمارے سستا انصاف بازار کامیاب ہوئے، میں یہ ساری کامیابی تاجر برادری کے نام کرتا ہوں۔

کمشنر ریاض خان محسود نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے عوام باشعور اور پڑھے لکھے ہیں کیونکہ بازاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں جس طرح کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جا رہا ہے مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ہزارہ ڈویژن میں 90ہزار سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، حکومت کا زیادہ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کرنے کا مقصد یہی ہے کہ کونسے ایریا میں کورونا وباء کی شرح زیادہ ہے تاکہ اسے کنٹرول کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اس وقت کوئی مسئلہ نہیں ہے کورونا مریضوں کے لیے قرنطینہ سنٹر آئسولیشن وارڈز اور دیگر تمام میڈیکل سہولیات موجود ہیں اس لیے ہمیں ان کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے عوام اور حکومت میں مل کر کام کرنا ہے اور حکومت کی طرف سے واضع کردہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنے آپ اور دوسروں کو بھی بچانا ہے۔