پشاور،2دسمبر(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی زیرصدارت اسلامیہ کالج پشاور کی سینٹ کا خصوصی اجلاس بدھ کے روز گورنرہاؤس میں منعقدہوا جس میں جبری رخصت پربھجوائے گئے قائمقام وی سی اسلامیہ کالج ڈاکٹر نوشاداور مذکورہ کالج سے متعلق گورنرانسپکشن ٹیم کی انکوائریز رپورٹ پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں جی آئی ٹی انکوائریزرپورٹ کی سفارشات پر قائمقام وی سی ڈاکٹرنوشاد کوعہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیاگیا اور اس حوالے سے سینڈیکیٹ اجلاس کے ذریعے ڈاکٹر نوشاد کوشوکاز نوٹس بھجوایاجائیگا۔اجلاس میں اسلامیہ کالج میں رجسٹرار، خزانچی، کنٹرولرامتحانات اور پرووسٹ کی آسامیوں کو مشتہرکرنے کا فیصلہ کیاگیا،مذکورہ آسامیوں پرتعیناتی کا عمل تین مہینوں میں مکمل کیاجائیگا۔
اس موقع پرگورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کا کہناتھاکہ آسامیاں مشتہرکرنے کامقصد مذکورہ آسامیوں پرٹیچنگ کیڈرکی بجائے انتظامی افسران کی تعیناتی مقصودہے۔انہوں نے کہاکہ اسلامیہ کالج ایک تاریخی ادارہ ہے جس کی تعلیمی ساکھ ہرصورت برقراررکھی جائیگی،اپنے بچوں کے مستقبل اور تعلیمی معیار پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ارباب محمدوسیم، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ادریس خان اور ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ سفیراحمدکے علاوہ سینیٹ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔