لاہور،02دسمبر(اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں ایل او سی پر بھارتی فائر نگ اور کشمیر میں مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔
صدرآزاد کشمیرنے گورنر پنجاب کی مسئلہ کشمیر اجاگر کر نے کی کوششوں کو سراہا۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن سمیت سب ایک پیج پر ہیں،9لاکھ بھارتی فوج نے کشمیریوں کا امن و سکون برباد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مودی کشمیریوں کی زمین چھین کر ہندوؤں کو آباد کررہاہے ۔
چوہدری محمدسرور کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ایک خواب ہی رہیگا ،وزیر اعظم عمران خان ثابت کر رہے ہیں وہ کشمیریوں کے سفیر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم کشمیریوں کیساتھ ہیں،کشمیر کے مسئلہ پر یورپی اور اراکین پار لیمنٹ سے رابطے میں ہوں ۔
اس موقع پر سردار مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو کشمیریوں پر مظالم کا نوٹس لینا چاہیے،بے گناہ معصوم کشمیریوں کا قتل عام اب بند ہونا چاہیے، آزادی انکا حق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ22کروڑ پاکستانی ہر لمحہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں ۔