گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کی ملاقات

102

لاہور، 23دسمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور نعمت اللہ نے  بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے ،ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے،پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت 22کروڑ پاکستانیوں کیلئے قابل فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ منہ توڑ جواب دیکر بھارت کا غرور خاک میں ملایاہے ۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاک بحریہ کے شہداء اورغازیوں کی قربانیوں کو قوم سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر عالمی پانیوں میں امن و استحکام یقینی بنا رہی ہے۔

اس موقع پر کموڈور نعمت اللہ نے  کہا کہ پاک بحریہ کے افسر و جوان خون کے آخری قطرے تک مادر وطن کا دفاع کرنے کیلئے پر عزم ہیں،سی پیک کے تناظر میں پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں میں اہم کردار نبھانے کیلے تیار ہے۔