گھوٹکی؛ کچے کے علاقے میں پولیس  آپریشن شروع، مغوی کو بازیاب کرا لیا گیا

149

گھوٹکی،13 دسمبر(اے پی پی ): رونتی کے دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں پولیس  کی بھاری نفری نے آپریشن شروع کردیا ہے ،فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا  ہے جبکہ پولیس نے  ایک مغوی کو بازیاب کرا لیا ہے ۔

 ایس ایس پی عمر طفیل کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگیٹیڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے،  پولیس کا دستہ بکتر بند گاڑیوں سمیت دریا سندھ کے نو گو ایریا میں داخل ہو چکا ہے، آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ کی ذد میں آکر راہگیر ثناء اللہ سیلرو ہلاک ہو گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو راحب شر کا بھائی خدا بخش شر سمیت تین ڈاکوؤں  زخمی  ہوئے جبکہ پولیس  نے ضلع بینظیر آباد کے علاقے دوڑ کے مغوی اشفاق حجانو کو باحفاظت بازیاب کرالیا ہے ۔

پولیس نے آپریشن کے دوران    ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو آگ لگا کر نذر آتش کر دیا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی عمر طفیل کے مطابق  آپریشن میں ضلع کی نصف نفری حصہ لے رہی ہے، ڈاکوؤں کے پاس جدید اسلحہ اور راکٹ لانچر سمیت دیگر خطرناک ہتھیار موجود ہیں، آپریشن میں پولیس موبائل بکتر بند چین اے پی سی سینکڑوں پولیس اہلکار شامل ہیں۔

 ایس ایس پی گھوٹکی کا مزید کہنا تھا کہ رونتی کچے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن میں ڈاکوؤں کے سرغنہ راحب شر سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔