ہنگو، 10 دسمبر (اے پی پی ): ضلع ہنگو میں سول سوسائٹی کیجانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا، شرکاء نے بھارت کے خلاف اور کشمیریوں اور افواج پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کی، شرکاء نے کشمیریوں کے حق پر مبنی بینر، پلے کارڈز اور کشمیری جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔
ریلی سے سنئیر صحافیوں اسرار احمد، طارق محمد مغل اور اقلیتی رہنماء پنڈت ہری دھیال سندھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جبر کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اقوام متحدہ اور عالمی ادارے اپنے ہی قرار دادوں پر عمل کرانے میں ناکام ہے،کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
مقررین نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم یک جان ہے،عالمی برادری بھارتی جبر تشدد اور کشمیریوں کی حالت زار پر خواب خرگوش کی نیند سے بیدار ہو کر اپنا کردار ادا کریں۔مقررین نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر افواج پاکستان اور حکومت پاکستان کا ذمہ دارانہ رویہ پوری دنیا کے سامنے ہیں۔اقوام متحدہ اپنے قراردوں پر عمل درآمد کرانے اور کشمیریوں کو اپنا حق دلانے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کا پاس کرے۔
ریلی میں تاجروں، علماء کرام، سیاسی جماعتوں کے رہنماوں، صحافیوں، طلباء کیساتھ ساتھ اقلیتی برادری سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد نےشرکت کی۔