واشنگٹن ،11 دسمبر (اے پی پی ): یو ایس پی بی سی کے زیر اہتمام ” پاکستان میں کاروباری ماحول کی بہتری اور صنعتی نمو کے فروغ” کے موضوع پرورچوئل سیریز ‘ایکسپلور پاکستان’ کے تحت ویبینار کا انعقاد کیا گیا ،ویبینار سے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر نے خطاب کرتے ہوئے کاروباری برادری کے اراکین کو پاکستان میں صنعتی نمو کے فروغ کیلئے بہترین ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نےعالمی وبا کےتناظر میں سپلائی چین اور صنعتی ترقی کے نئےمواقعوں کے حصول اور انکے فروغ کے لئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔
واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے حکومت کی طرف سے پاکستان میں امریکی کارپوریٹ سیکٹر کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے اراکین کو پاک-امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کیلئے بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اسکو استعمال میں لانے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ویبینار میں پاکستان میں کاروباری مواقعوں میں بہتری اور صنعتی شعبے کی بحالی کیلئے حکومتی پالیسیوں اور اقدامات جن میں صنعتی ریلیف اور سستی توانائی پالیسی،چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی ترقی اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری پر تفصیلی باحث کی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین ماحول اور مواقع موجود ہیں ، 2018 کے بعد سےامریکی کارپوریشنوں نے پاکستان میں براہ راست 1.5 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔امریکہ میں پاکستانی برآمدات میں اضافے کا ججم اکتوبر میں 430 ملین ڈالر اور نومبر میں 437 ملین ڈالر تک پہنچا ہے ۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی چارج افئیرز انجیلا اگیلرنے بھی ورچوئل فورم میں شرکت کی ۔