پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کا دورہ

150

اوستہ محمد۔ 29 دسمبر (اے پی پی): پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال اوستہ محمد کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا اس موقع پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالجبار سومرو نے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو ٹی ایچ کیو میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی_ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے تحصیل اسپتال اوستہ محمد میں زیر تعمیر ٹراما سینٹر کا دورہ کیا اس موقع پر ایس ڈی او محکمہ تعمیرات و مواصلات عرفان علی نے پارلیمانی سیکرٹری کو ٹراما سینٹر کے منصوبے پر بریفنگ دی _ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ تحصیل اسپتال اوستہ محمد میں ڈاکٹرز اور طبی اسٹاف کی کمی دور کرکے حسب ضرورت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ اوستہ محمد میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے طبی سہولیات کی اپ گریڈیشن کرکے ضروریات کے مطابق سروسز کی فراہمی ناگزیر ہے اس ضمن میں وزارت صحت بلوچستان کی جانب سے ہر ممکن معاونت کی جائے گی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے فراہم کردہ طبی آلات کی فراہمی اور سروسز کا افتتاح بھی کیا۔