2020میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی نمایاں کامیابیاں

89

اسلام آباد،31 دسمبر (اے پی پی ): پاکستان امن واستحکام کا داعی، افغان امن عمل کا سرخیل:خطے میں اجتماعیت کے حامل اور خوشحال مستقبل کے لئے امن کے حصول کی کاوشیں کی گئیں۔ اس مقصد کے لئے ،فروری 2020 میں امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے میں سہولت کاری کی گئی ستمبر2020 میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز ہوا  ،دسمبر2020 میں دوہا میں افغان فریقین میں قواعد وضوابط سے متعلق معاہدہ ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کا اولین دورہ کیا اور جامع دوطرفہ شراکت داری کے لئے مشترکہ وژن کی بنیاد رکھی۔

معاشی سفارت کاری کے لئے نئے امکانات کی تلاش اور ان میں وسعت،افریقہ سے روابط بڑھانے کی پالیسی کے تحت تاریخ میں پہلی بار پاکستان افریقہ تجارتی ترقی کانفرنس کا نیروبی میں انعقاد ہوا۔

وزیرخارجہ نے دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتخانوں میں سے ہر ایک کی سمت اور اہداف کے حصول کا تعین کیا تاکہ معاشی سفارتکاری کے محاذ پر بھرپور کامیابیاں حاصل کی جاسکیں۔

وزیر خارجہ نے کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر قومی مقاصد کے حصول کا تعین کیا اور سرکاری ونجی شعبے میں قریبی تعلقات کار کی بنیاد رکھی تاکہ معاشی سفارتکاری کے اثرات کو بڑھایا جاسکے (پی بی سی، کراچی میں ایف پی سی سی آئی، آئی بی اے کا دورہ )

وزیرعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو۔ای۔ایف) کے ڈیووس میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی اور ورچوئل کنٹری سٹرٹیجی ڈائیلاگ میں شریک ہوئے۔ انہوں نے معاشی استحکام اور خوشحالی کے لئے پاکستان کے ایجنڈا کا تعین کیا۔

ایک بہتر دنیا کے قیام کے لئے تخلیقی حل پیش کئے گئے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے استصواب رائے کے حق سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد متفقہ طورپر منظور کی اور نوآبادیاتی، غیرملکی اور بیرونی قبضے کا نشانہ بننے والے عوام کے استصواب رائے کے حق کا اعادہ کیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کے اشتراک سے پیش ہونے والی قرارداد منظور کی جس میں مقدس علامات وشخصیات کا احترام کرنے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے کے فروغ کی حمایت کی گئی۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر) کے اشتراک سے پاکستان میں افغان مہاجرین کے چالیس سال کے عنوان سے عالمی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ کورونا وبا کے علاج کے لئے مناسب قیمت پر بہترین اور موثر ویکیسین کے حصول کے لئے اس وقت پاکستان مختلف ذرائع سے بات چیت میں مصروف عمل ہے۔

پاکستان کے تقاضے پر اگست دوہزار انیس کے بعد سے جموں وکشمیر کے اوآئی سی کے رابطہ گروپ کے تین مرتبہ اجلاس منعقد ہوئے،نیامے ڈیکلریشن میں’ او۔ آئی۔ سی‘ نے جموں وکشمیر پر اصولی اور دوٹوک موقف کا واضح اظہار کیا۔

انسانی حقوق گروپ اور عالمی رہنماوں نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عالمی سطح پر متفقہ طورپر مذمت کی ،برطانیہ کے مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے بارہ رکنی پارلیمانی وفد نے پاکستان اور آزادجموں وکشمیر کا دورہ کیا۔

امریکی کانگریس کی امور خارجہ کمیٹی نے بھارتی وزیر خارجہ کو خط میں غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ پرتگال کی پارلیمنٹ میں غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی بحران پر قرارداد پیش کی گئی۔

اے پی پی / حمزہ / ریحانہ